پشاور: (سچ نیوز ) ایونٹ میں چاروں صوبوں سمیت نو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان واپڈا اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لئے تیار ہے۔
پشاور کے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں 14 ویں نیشنل ویمن والی بال چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ والی بال مقابلوں میں 9 مختلف ٹیمیں ان ایکشن ہونگی جن میں میزبان خیبر پختونخوا سمیت پنجاب، سندھ، بلوچستان، واپڈا، آرمی، ایچ ای سی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کی ٹیمیں شامل ہیں۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر آپریشنز سپورٹس بورڈ ثقلین شاہ تھے۔
پاکستان واپڈا کی ٹیم ویمن والی بال میں گزشتہ تیرہ سال سے قومی چیمپیئن ہے، کوچ رابعہ ملک کا کہنا تھا کہ ہماری تیاری بہترین ہے اس بار بھی ٹیم واپڈا ہی فتح یاب ہو گی۔ کھلاڑیوں نے سال میں ایک بار قومی چیمپیئن شپ کو ناکافی قرار دیا۔
چیمپئین شپ کے دوران روزانہ پانچ میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ میں پنجاب کی ٹیم نے آزاد کشمیر کی ٹیم کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔