ممبئی(سچ نیوز )انتہا پسند ہندو تنظیم مہاراشٹر نَوونِرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے پلوامہ حملے پر سوال اٹھادیے اور بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کو تفتیش کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق راج ٹھاکرے نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دوول سے تحقیقات کی جائیں تو پلوامہ حملے کی حقیقت سامنے آجائے گی۔ہندو انتہا پسند تنظیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے میں مارے گئے فوجی سیاسی متاثرین ہیں، حکومتیں سیاسی مقاصد کیلئے ایسے کام کرتی ہیں لیکن مودی حکومت میں ایسے واقعات میں اضافہ ہوا۔راج ٹھاکرے نے اپنے ہی وزیراعظم مودی پر الزام لگایا کہ جب پلوامہ حملے کی خبر آئی تو مودی ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے اور خبر ملنے کے باوجود بھی شوٹنگ میں ہی مصروف رہے۔