لاہور: (سچ نیوز ) پنجاب حکومت نے ترقیاتی فنڈز جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے ارکان اسمبلی سے ترقیاتی سکیمں مانگ لی ہیں۔
ترقیاتی فنڈز کے معاملے پر پنجاب حکومت بھی پرانی روایت پر عمل کرنے پر مجبور ہے، پنجاب حکومت نے ارکان اسمبلی کے لئے ترقیاتی فنڈز جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے ارکان اسمبلی سے ترقیاتی سکیمں مانگ لی ہیں، ہر حکومتی ایم پی اے 10 کروڑ کی ترقیاتی سکیم دے سکے گا۔
مسلم لیگ ق اور حکومت کا ساتھ دینے والے آزاد ارکان بھی ترقیاتی سکیمیں دے سکیں گے۔ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اپنے حلقے کی سکیمیں متعلقہ اضلاع کو دیں گے۔
ڈپٹی کمشنر اپنے پلاننگ ونگ سے متعلقہ سکیمں پی اینڈ ڈی بورڈ کو ارسال کریں گے، دیگر ڈویلپمنٹ فنڈز کی مد سے ارکان اسمبلی کی ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز جاری ہوں گے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے ماضی میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر ترقیاتی فنڈز کو ہدف تنقید بنایا تھا۔ پی ٹی آئی کی قیادت نے ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کا جاری سلسلہ بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں میں تحریک انصاف کی قیادت نہ ہونے کے باعث ارکان اسمبلی سے سکیمیں مانگی گئی ہیں۔