ڈبلن(سچ نیوز)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے دورہ آئر لینڈ میں پادریوں کی جانب سے زیادتی کے شکار متاثرین سے ملاقات کی ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈبلن میں پوپ فرانسس کے اعزاز میں استقبالیے کا اہتمام کیا گیا جس میں آئرش وزیراعظم اور استحصال کے شکار بعض افراد نے بھی شرکت کی ۔ویٹی کن ترجمان کے مطابق پوپ فرانسس کی ڈبلن میں زیادتی کے شکار افراد سے ملاقات تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی ۔اس موقع پر پوپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرجا گھروں میں بچوں سے زیادتی کے واقعات شرم ناک ہیں ، یہ مکروہ اور نفرت آمیز جرم ہے اور چرچ کی انتظامیہ اس جرم کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے سینٹ میری کیتھیڈرل چرچ میں خطاب میں کہا کہ اگر سوشل میڈیا کو اعتدال اور ہوش مندی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو یہ فائدے مند ہوسکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق پوپ کے دورہ کے موقع پر زیادتی کے واقعات کے خلاف ڈبلن میں بعض مقامات پر مظاہرے بھی کیے گئے ، بعض مظاہرین نے گلے میں بچوں کے جوتے بھی لٹکا رکھے تھے ۔مظاہرین نے استحصال کے شکار افراد سے یک جہتی کا اظہار کیا اور ویٹی کن سے مطالبہ کیا کہ زیادتی میں ملوث پادریوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔واضح رہے کہ پوپ فرانسس ہفتے کو آئر لینڈ کے تاریخی دورے پر ڈبلن پہنچے اور پچھلے 39 سال میں آئر لینڈ کا دورہ کرنے والے وہ پہلے پوپ ہیں ۔