واشنگٹن (سچ نیوز )امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) نے امریکی فوجیوں کو "جیولوکیشن” فیچر کے استعمال سے روک دیا،فوجیوں کے مقام کی نشان دہی ان کے لیے سکیورٹی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکی وزارت دفاع (پینٹاگون) کے مطابق امریکی فوج نے مختلف مشنوں میں مصروف اپنے فوجیوں کو اسمارٹ فون اور جسمانی فٹنس جانچنے کے آلات پر جیو لوکیشن فیچر کا استعمال کرنے سے روک دیا ہے کیوں کہ فوجیوں کے مقام کی نشان دہی ان کے لیے سکیورٹی خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔یہ فیصلہ رواں برس جنوری میں سامنے آنے والے تحفظات کے بعد کیا گیا ہے جب ایک آسٹریلوی محقق کی جانب سے فٹنس ایپلی کیشن سٹراوا کا ڈیٹا زیر تجزیہ لایا گیا اور اس دوران شام اور عراق میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے مقامات کا انکشاف ہوا۔پینٹاگون کی جانب سے جمعے کے روز جاری ایک میمو میں کہا گیا کہ جیو لوکیشنکا آپشن ایک "بڑا خطرہ” ہے۔ میمو کے مطابق جیو لوکیشن آپشن کے ذریعے امریکی وزارت دفاع کے ملازمین اور اہل کاروں کی ذاتی معلومات، ان کے مقامات اور روز مرہ کے معمولات کا انکشاف ہو سکتا ہے۔ اس کے سبب مشترکہ فورس اور اس کے مشن کے لیے خطرے میں اضافہ ہو سکتا ہے”۔واضح رہے کہ سٹراواکمپنی کی جانب سے جاری ہیٹس میپ سے کمپنی کی فٹنس ایپلی کیشن پر مبنی آلات پہننے والوں کی دورانِ ورزش نشان دہی ہو رہی تھی اور ان کی جگہ اور ورزش کا وقت ظاہر ہو رہا تھا۔