لاہور (سچ نیوز)پیپلز پارٹی کے ترجمان چودھری منظور نے شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے ووٹ نہ دینے کا واضح اعلان کردیا ، انہوں نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن کوپہلے ہی بتا دیا تھا کہ شہباز شریف قابل قبول نہیں ہونگے اور اب تین روز قبل واضح طور پر بتا دیاہے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ترجمان چودھری منظور نے کہاکہ جب 2014میں آصف زرداری جاتی عمرہ گئے تھے تو وہ اس وقت بھی شہبازشریف سے نہیں ملے تھے ۔ شہبازشریف کی جانب سے آج تک اپنے بیانات پر کو ئی معذر ت نہیں کی گئی ۔ ہم نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ شہبازشریف وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار کے طور پر قابل قبول نہیں ہونگے اور اب واضح طور پر بتادیاہے کہ شہبازشریف پیپلزپارٹی کو قبول نہیں ہیں۔ اگر مسلم لیگ ن کوئی اور امیدوار لے آئے پھر پیپلزپارٹی اس کو ووٹ دے سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں یہ فارمولا طے ہوا تھے کہ مشترکہ امیدوار لایا جائیگا لیکن یہ طے نہیں ہوا تھا کہ امیدوار کون ہوگا ؟انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مفاد میں جو قانون سازی کرے گی اس کی حمایت کریں گے ۔