اسلام آباد: (سچ نیوز ) اسلام آباد کے اسپیشل جج سنٹرل نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں نامزد ملزم اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کی ضمانت مسترد کر دی۔
اسپیشل جج سنٹرل کامران بشارت مفتی نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ ڈاکٹر شاہد مسعود کی عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے اینکر پرسن کے وکیل اور ایف آئی اے نے دلائل دیے۔
دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ سنایا تو شاہد مسعود کی ضمانت مسترد کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا تاہم اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود فیصلے سے پہلے عدالت سے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔
ایف آئی اے کی ٹیم عدالت سے ضمانت خارج ہونے کے بعد اینکر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔شاہد مسعود کو پیپلزپارٹی کے دور میں سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی وی لگایا تھا، اینکر پر 3 کروڑ 30 روپے کی خردبرد کا الزام ہے۔
واضح رہے کہ شاہد مسعود نے زینب قتل کیس میں بھی مجرم عمران کے بیرون ملک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخودنوٹس لیا تھا تاہم اینکر اپنا دعویٰ درست ثابت نہیں کرسکے تھے جس پر انہوں نے عدالت سے معافی مانگی اور جب کہ عدالت نے ان کے پروگرام پر تین ماہ پابندی عائد کی تھی۔