چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کےدرمیان تعاون میں سرفہرست منصوبہ ہے
بیجنگ (سچ نیوز)بیجنگ میں بریفنگ کے دوران ایک سوال پر ترجمان نے کہا اقتصادی راہداری "ایک خطہ ایک شاہراہ ” اہم آزمائشی پروگرام ہے ، چھ برس قبل اس منصوبے کے آغاز کے بعد سے اس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت متعدد منصوبوں کی تعمیر شروع کی جارہی ہے یا مکمل کئے جا رہے ہیں اور پاکستان میں 25 ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری آ رہی ہے ۔چینی ترجمان نے کہا مکمل کئے گئے منصوبوں سے پاکستان میں نقل وحمل کے ڈھانچے اور بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور روزگار کے 70 ہزار سے زائد براہ راست مواقع پیدا ہوئے ۔وانگ نے کہا چین سی پیک کی ترقی کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہیں ۔انہوں نے علاقائی روابط کو فروغ دینے میں راہداری کے کردار، افغانستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کے لئے اس کے فوائد کے حوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو سراہا۔