بیجنگ( سچ نیوز ) اور بالآخر بھارت نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (لداخ میں چین کے ساتھ متنازعہ سرحد) پر بھی فائر بندی کی خلاف ورزی کر ڈالی۔ میل آن لائن کے مطابق چین اور بھارت کے درمیان 45سال قبل معاہدہ ہوا تھا کہ دونوں ممالک کی افواج لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر فائرنگ نہیں کریں گے۔ اس کے بعد سے عموماً لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر تعینات دونوں ممالک کے فوجیوں کو آتشیں اسلحہ دیاہی نہیں جاتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ آج تک لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر چینی اور بھارتی افواج کے درمیان جتنی بھی چھڑپیں ہوئی ہیں وہ پتھروں اور ڈنڈوں سے ہوئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں بالآخر بھارت کی طرف سے وارننگ کے طور پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بھی فائرنگ کر دی گئی جس کے جواب میں چینی فوج نے بھی فائر کھول دیا۔ چونکہ دونوں طرف کی افواج کی طرف سے وارننگ کے طور پر یہ فائرنگ کی گئی تھی لہٰذا دونوں طرف کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا تاہم اس سے دونوں ملک کے مابین فائربندی کا 45سالہ معاہدہ ٹوٹ گیا۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل چینی فوج نے ڈنڈوں اور پتھروں سے ہونے والی ایک جھڑپ میں بھارتی فوج کے ایک کرنل سمیت 20فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔