اسلام آباد: (سچ نیوز ) پاکستان بزنس کونسل نے وزیراعظم کے دورہ چین پر پاکستانی مصنوعات کی ڈیوٹی فری رسائی پر بات کرنے کا مشورہ ددیتے ہوئے کہا ہے کہ چین خصوصی رعایت دے تو برآمدات 4 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے مشیر صنعت وتجارت رزاق داود کو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے وزیراعظم کے دورہ چین پر پاکستان مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی پر بات کی جائے۔
پاکستان بزنس کونسل نے مطالبہ کیا ہے کہ چین آسیان اور بنگلا دیش کی طرح پاکستان کو بھی ڈیوٹی فری رسائی دے۔
پاکستان بزنس کونسل کے مطابق چین نے 95 فیصد بنگلا دیشی مصںوعات کو ڈیوٹی فری کیا ہوا ہے، آسیان سے 90 فیصد مصںوعات چین میں ڈیوٹی فری درآمد ہو رہی ہے۔ چین 9 ارب 70 کروڑ ڈالر کی 25 مصنوعات ڈیوٹی فری درآمد کرتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے چین 80 کروڑ ڈالر کی مصنوعات برآمد ہوتی ہیں۔ چین میں پاکستانی مصنوعات پر 65 فیصد تک ڈیوٹی عائد ہے، اگر چین پاکستان کو خصوصی رعایت دے تو پاکستان 4 ارب ڈالر تک کی مصنوعات برآمد کر سکتا ہے۔