بیجنگ(سچ نیوز)چین نے توریا کے بیج سے بنی جانوروں کی خوراک بھارت سے درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔چین نے اس خوراک کے غیر معیاری ہونے پر2011میں بھارت سے درآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی،اب یہ پابندی اٹھا لی گئی ہے۔چینی کسٹم حکام کے مطابق یہ پابندی بھارتی فیکٹریوں کا کئی بار معائنہ کرنے کے بعد اٹھائی گئی ہے۔چین2011سے قبل بھارت سے بڑی تعداد میں یہ خوراک درآمد کرتا تھا ،تاہم بعدازاں غیر معیاری ہونے پر اس پر پابندی عائد کردی گئی۔2011میں بھارت نے161ملین ڈالر کی یہ خوراک چین کو برآمد کی تھی۔بھارت کی تجارتی ایسوسی ایشن نے چین کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے کہا ہے کہ یہ ایک اچھی پیش رفت ہے جس کی ہم توقع کر رہے تھے۔بھارت5لاکھ ٹن توریا کے بیج سے بنی خوراک چین کو برآمد کر سکتا ہے۔چین میں جولائی میں 5ایشیائی ممالک سے درآمد ہونے والے سویا بین،سویا میل اور توریا کے بیج سے بنی خوراک پر سے ڈیوٹی ختم کر دی تھی۔