کابل(سچ نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکے سے سات افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے ہوا۔ دھماکہ کابل کے علاقے پل چرخی جیل میں ہوا جس میں پل چرخی جیل کے ملازمین کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب جیل کی گاڑی ملازمین کو لے کر جا رہی تھی۔سیکیورٹی ذرائع نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ میں سات افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔وزارت داخلہ نے بھی واقع کی تصدیق کر دی تاہم وہ دھماکہ کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔پل چرخی جیل کی گاڑی پر دھماکہ کی ذمہ داری طالبان سمیت کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ تاہم سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔