اسلام آباد (سچ نیوز )کرائسٹ چرچ حملے نے پوری دنیا کو افسردہ کر رکھا ہے اور اس حملے میں شہید ہونے والے افراد سے متعلق دل خراش تفصیلات سامنے آ رہی ہیں ،اب ایسے ہی ایک خاتون کی تفصیل سامنے آئی ہے جس نے اپنے معذور شوہر کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کردیا ۔نجی نیوز چینل ڈان نیوز کے مطابق کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والی ایک خاتون کی شناخت حسنیٰ آرا پروین کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا ۔یہ خاتون اس وقت گولیوں کا شکار بنی جب وہ فائرنگ کی آواز سن کر اپنے معذور شوہر کو بچانے کے لیے پہنچیں۔ حسنیٰ آرا پروین کے شوہر فریدالدین احمد معذور ہیں اور وہ ویل چیئر کے سہارے چلتے پھرتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق حسنیٰ آرا پروین النور مسجد کے خواتین کے سیکشن میں نماز کی ادائیگی کے لیے موجود تھیں کہ اچانک فائرنگ ہوئی اور وہ جلدی سے مرد حضرات کے سیکشن میں شوہر کی حفاظت کے لیے دوڑیں۔اپنے معذور شوہر کو گولیوں سے بچانے کے لیے دوڑ کر آنے والی حسنیٰ آرا پروین بدقسمتی سے قاتل کی اندھی گولیوں کا نشانہ بنیں اور موقع پر ہی چل بسیں۔