کراچی: (سچ نیوز) انسداد تجاوزات مہم کے تحت کراچی میںدھڑا دھڑ کارروائیاںجاری ہیں، صدر کے علاقے صدر ریمبو سنٹر میں آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، مزاحمت کے خدشے کے پیش نظر خصوصی اقدامات کرتے ہوئے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
کراچی کے علاقے صدر ریمبو سینٹر میں انتظامیہ نے 100 سے زائد غیر قانونی دکانیں مسمار کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کی صورت میں مزاحمت کا خدشہ ہے جس کے تحت رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔
بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی طور پر قائم دکانوں، احاطوں سمیت دیگر تعمیرات کو گرایا جارہا ہے، گزشتہ روز تاجروں کے احتجاج کے باعث ملتوی آپریشن آج شروع کیا گیا، ریمبو سنٹر کے قرب و جوار میں غیر قانونی دکانیں طویل عرصہ سے قائم تھیں، دکانداروں کے مطابق وہ انتظامیہ کو ماہانہ ادائیگی کرتے تھے، سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے تاجر تنظیموں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تاحال کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
گزشتہ روز ایمپرس مارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، دکانیں گرانے کے بعد ملبہ بھی صاف کر دیا گیا ہے جس کے بعد ایمپرس مارکیٹ کا اصل حسن بحال ہو گیا ہے