کراچی میں رات بھر قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن، پتھاروں اور دکانوں کا صفایا

کراچی: (سچ نیوز) کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن زور پکڑ گیا، گلستان جوہر میں سمامہ سینٹر اور رابعہ سٹی سمیت مختلف علاقوں میں رات بھر آپریشن جاری رہا، درجنوں پتھاروں اور دکانوں کا صفایا کر دیا گیا، دن ہوتے ہی عملہ ناشتے پر چلا گیا، انتظامیہ نے لوگوں کو سامان اٹھانے کی اجازت دے دی۔

کے ڈی اے نے رات بھر گلستان جوہر میں سمامہ سینٹر اور رابعہ سٹی سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا، دن ہوتے ہی عملہ ناشتے پر چلا گیا، فٹ پاتھ پر قائم فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں کو سامان اٹھانے کی اجازت بھی دی گئی، دکانداروں نے پیشگی اطلاع نہ دینے کا شکوہ کر دیا۔

رات کو یونیورسٹی روڈ سے تجاوزات کے خلاف شروع ہونے والا آپریشن گلستان جوہر بلاک 13 میں جا کر رکا، ہیوی مشینری سے فٹ پاتھ سے پتھارے اور سائن بورڈز ہٹا دیئے گئے، بڑی تعداد میں غیر قانونی دکانوں کو بھی مسمار کیا گیا۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے عدالتی حکم پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے، گلستان جوہر رابعہ سٹی کے سامنے قائم فرنیچر مارکیٹ بھی ختم کی جائیگی، تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔

Exit mobile version