لندن (سچ نیوز) برطانوی حکومت نے سرے میں نوجوان کو زخمی کرنے کے واقعے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر نیوزی لینڈ طرز کے حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔برطانیہ کی حکومت نے سرے میں 19 سالہ مسلمان نوجوان کو زخمی کرنے کے واقعے کو دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔ حکومت کے وزیر بین ویلیس کا کہنا ہے کہ دائیں بازو کے رجحانات میں اضافے پر تشویش ہے، سفید فام نازی گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، برطانیہ میں بھی مسلمانوں پر نیوزی لینڈ طرز کے حملے کا خطرہ ہے، حکومت نے پچھلے سال اس سفید فام نسل پرست تنظیم پر پابندی لگائی تھی۔خیال رہے کہ برطانیہ میں یہ واقعہ سرے کے علاقے میں واقع ایک قصبے میں پیش آیا تھا جہاں ایک سفید فام دہشتگرد نے 19سالہ مسلمان لڑکے پر خنجر سے حملہ کر دیا تھا۔حملہ آور نے نوجوان کو زخمی کرنے سے پہلے ”ایک مسلمان کو قتل کرو“ اور ”سفید فام بالادستی“ کے نعرے لگائے تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 50سال ہے اور وہ سٹین ویل نامی قصبے کا رہائشی ہے جسے گرفتارکر لیا گیا ہے۔