نئی دہلی (سچ نیوز)ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت نے مقبوضہ وادی میں کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد آزادی کی بڑھتی ہوئی یلغار کو تمام جبر استبداد کے باوجود روکنے میں ناکامی پرایک بار پھر اپنی عادت سے مجبور ہو کر پاکستان کو ’’تڑی ‘‘ اور گیدڑ بھبکی لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے جموں و کشمیرمیں دراندازوں کی مدد جاری رکھی تو بھارت دوسرے آپشنز کے تحت کارروائی انجام دے گا۔ بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے انت ناگ میں نہتے کشمیریوں کے پتھراؤ کے نتیجے میں ایک انڈین فوجی اہلکار کی ہلاکت پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہندوستانی فوج کے آرمی چیف جنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ کون کہتا ہے پتھربازوں کو جنگجووؤں کے اعانت کار نہ سمجھا جائے؟ پاکستانی فوجی دراندازوں کی مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے دراندازوں کی مدد جاری رکھی تو بھارتی فوج دوسرے آپشنز کو بروئے کار لاکر اپنی کاروائی انجام دے گی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ بھارتی فوج کی طرف سے کس طرح کی کارروائی کی جائے گی۔جنرل بپن راوت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی طرف سے دراندازی لگاتار جاری ہے، کیمپوں میں جنگجووؤں کو تربیت دی جارہی ہے، پاکستانی فوج ان کی مدد کرتی ہے، ہم پاکستان کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس سے صرف تمہارا نقصان ہوگا، ہم دراندازی روکنے کی قابلیت رکھتے ہیں، جو جنگجو دراندازی کرنے میں کامیاب ہوگیا،ہم اسے اندر وادی میں ہی ختم کریں گے۔