نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈین ایئر فورس کے پائلٹ ابھی نندن کا ایم آر آئی سکین مکمل کرلیا گیا ہے، جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پاکستان کی جانب سے پائلٹ کے جسم میں جاسوسی کی کوئی ڈیوائس نصب نہیں کی گئی۔اے این آئی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ابھی نندن ورتھامن کے ایم آر آئی سکین میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی کے نچلے حصے پر چوٹ آئی ہے۔ یہ چوٹ مگ 21 طیارے کی تباہی کے بعد اجیکٹ کرنے کے باعث پڑنے والے پریشر کی وجہ سے آئی ہے۔جس وقت ابھی نندن زمین پر لینڈ ہوا تو اسے ایک مشتعل ہجوم نے پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ عوام کی جانب سے ہونے والے تشدد کے باعث ابھی نندن کی پسلی بھی ٹوٹ گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ نئی دلی کے ریسرچ اینڈ ریفرل ہسپتال میں اگلے 10 روز تک ابھی نندن کے مزید چیک اپ کیے جائیں گے۔