لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن شکیل عباسی نے وزیر اعظم عمران خان سے موجودہ ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
شکیل عباسی کا کہنا ہے کہ قومی کھیل ہاکی کے ساتھ اب مذاق بند ہونا چاہیے، موجودہ ہاکی فیدریشن کا وقت اب ختم ہو گیا اور حکومت نے فنڈز روک کر فیڈریشن کو واضح پیغام دیا ہے کہ اب وہ انہیں مزید برداشت کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن بریگیڈئیر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری اولمپیئن شہباز سینئر عزت سے استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں اور نئی مینجمنٹ کو کام کرنے کا موقع دیں۔
ایشین گیمز 2010ء کے گولڈ میڈلسٹ اولمپئین شکیل عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل کا جنازہ نکال دیا ہے، ان کے پاس کھلاڑیوں کو ڈیلی الاؤنس دینے کے پیسے نہیں اور اب یہ ورلڈ کپ میں جانے کے لئے بھیک مانگ رہے ہیں۔ اولمپیئن دانش کلیم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے شکیل عباسی نے کہا کہ لگتا ہے چند دن پہلے ہاکی فیڈریشن پر تنقید کرنے والے دانش کلیم کی فیڈریشن کے ساتھ ڈیل ہو گئی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن شہباز سینئر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں ہاکی فیڈریشن کے لیے مالی معاونت کی درخواست کی گئی تھی۔ گزشتہ روز قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ توقیر ڈار نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی سے ٹیلی فون پر تفصیلی گفتگو کر کے مالی معاونت کی درخواست کی تھی۔