اسلام آباد (سچ نیوز) چین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ دوست ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے مکمل تعاون کریں گے تاہم دیرپا ترقی اور صنعتوں کی بحالی ہی پاکستان کے معاشی مسائل کا دائمی حل ہے۔ بدھ کے روز وفاقی دارالحکومت میں قائم چین کے سفارت خانہ میں منعقدہ ایک بریفنگ کے دوران ایک اہم چینی تھنک ٹینک چاﺅلی چیان، چینی وزارت خارجہ کے حکام اور سفارت کاروں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔نوائے وقت کے مطابق دوران بریفنگ پاک چین معاشی راہداری کا منصوبہ اور اس کے مختلف پہلوﺅں کا اس بریفنگ میں احاطہ کیا گیا۔ اس موقع پر چینی دانشوروں اور حکام کی جانب سے جن خیالات کا اظہار کیا گیا ان سے صاف واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کو درپیش موجودہ معاشی مسائل اور ان کے طویل المیعاد حل کے بارے میں چین کی کیا رائے ہے۔چائنہ انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے نائب صدر رونگ یِنگ، چینی وزارت خارجہ کے شعبہ ایشیا کے قونصلر ڑانگ زی شنگ، چین کے نائب سفیر ژالولی جیانگ بھی بریفنگ میں شریک تھے۔چین کے نائب سفیر نے کہا کہ پاکستان کیلئے ان کے ملک کی مالی مدد سعودی عرب سے زیادہ ہے تاہم اس پیکج کی تفصیلات کو ہم سامنے نہیں لانا چاہتے کیونکہ ہماری ترجیح پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالنا ہے۔ سی پیک بھی مشترکہ ترقی کا منصوبہ ہے، ہم کسی کو بھی اس منصوبہ میں خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں لیکن شرکت کے متمنی ملکوں کو شراکت دار بننے کے لئے منصوبہ میں بھرپور حصہ بھی ڈالنا ہوگا۔ سی پیک کا مستقبل ہمارے دونوں ممالک کے ہاتھوں میں ہے۔امریکا افغانستان کو چاند پر نہیں لے جا سکتااس لئے افغان تنازعہ کو ملکر حل کرنا ہوگا خصوصاً خطے کے ممالک کو کردار ادا کرنا ہوگا.