ماسکو(سچ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے حال ہی میں روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وینزویلا سے فوراً اپنی فوج نکالے۔ اب اس مطالبے پر روس نے امریکہ کو صاف جواب دے دیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق روس نے کہا ہے کہ ”جب تک ضرورت ہے، ہمارے فوجی وینزویلا میں ہی رہیں گے۔“اس صورتحال سے سرد جنگ کے دشمنوں کے مابین ایک نئی پراکسی جنگ چھڑنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخارووا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”وینزویلا کے ساتھ ہمارے فوجی معاہدے ہیں اور ان معاہدوں کو پورا کرنے کے لیے مزید فوجی وہاں بھیج دیئے گئے ہیں۔ یہ فوجی وہاں دونوں ملکوں کے مابین ہونے والے فوجی و تکنیکی تعاون کے معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے موجود رہیں گے اور جب تک ان کی وہاں ضرورت ہے انہیں واپس نہیں بلایا جائے گا۔“ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ”وینزویلا میں فوجی بھیج کر روس خطے میں طاقت کا توازن تبدیل نہیں کر رہا اور نہ ہی وہاں ہمارے فوجیوں کی موجودگی سے کسی کو خوفزدہ ہونا چاہیے۔“