نیویارک(سچ نیوز) امریکہ کے چین اور روس کے ساتھ تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ چلے آ رہے ہیں اور اب امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ایسی دھمکی دے دی ہے کہ یہ کشیدگی تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ بننے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز دھمکی دی ہے کہ’’ہم اپنے ایٹمی ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ کریں گے اور ان کی صلاحیت کو مزید بہتر بنائیں گے اور اس کا مقصد چین اور روس پر دباؤ ڈالنا ہو گا تاکہ وہ اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو تلف کر دیں۔‘‘اس گفتگو میں صدر ٹرمپ نے شک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس 1987ء میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔اس معاہدے میں طے پایا تھا کہ فریقین اپنے تمام ایٹمی اور روایتی میزائل اوران کے لانچر تباہ کر دیں گے۔ اس معاہدے کے تحت 1991ء تک 2ہزار 692میزائل تباہ کیے گئے۔ تاہم اب صدر ٹرمپ نے سردجنگ کے زمانے میں ہونے والے اس معاہدے سے امریکہ کو دستبردار کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس اس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے چنانچہ ہمیں بھی حق حاصل ہے کہ ہم اس معاہدے کو ختم کر دیں اور نئے کروز میزائلوں کی تیاری اور تعیناتی شروع کر دیں۔‘‘