انقرہ (سچ نیوز) ترکی کی پارلیمنٹ کے ارکان کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے عوام کا فتح اللہ گولن تحریک کے خلاف ترکی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا گیاہے۔ترکی کے رکن پارلیمان علی شاہین نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ترک اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان کے وزیر اعظم اور عوام کے نام لکھے گئے خطوط کے عکس شیئر کیے۔ انہوں نے کہا ’ ’ہم نے بطور ترک اراکین پارلیمان ہمارے پیارے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے نام شکریے کا خط لکھا ہے، کیونکہ انہوں نے فتح اللہ گولن کی دہشتگرد تنظیم کے خلاف ترکی کا ساتھ دیا، ہم عمران خان اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں“۔ترک اراکین پارلیمنٹ نے خط میں فتح اللہ گولن تحریک کی جانب سے 15 جولائی 2016 کو اردگان حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد پاکستان سے اس نیٹ ورک کا خاتمہ کرنے اور اس کے تعلیمی ادارے معارف فاﺅنڈیشن کے حوالے کرنے پر سپریم کورٹ، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔