اسلام آباد (سچ نیوز)نگران وفاقی وزیر اطلاعات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا،14 اگست ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،متعلقہ محکمے یوم آزادی کی تقریب کو تاریخی بنانے کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔
تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئےوفاقی وزیربیرسٹر سید علی ظفر نے وزارت اطلاعات و نشریات اور اس کے ماتحت اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ پاکستان کی ثقافت ،قابل فخر جغرافیائی تنوع اور قومی ورثہ کو نمایاں طور پر اجاگر کریں اور سوشل میڈیا پر بھی علیحدہ آزاد ریاست کے حصول کے لئے کی جانے والی کوششوں،پاکستان کی تاریخ اور 14اگست کی اہمیت کے حوالے سے خصوصی مہم چلائیں۔وفاقی وزیر نے پرچم کشائی کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں کی منظوری دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ 14 اگست کے دن تقریبات قومی اتحاد اور ہم آہنگی کی عکاسی کریں گی ۔اجلاس میں سیکرٹری کابینہ ،سیکرٹری اطلاعات و نشریات ،سی ڈی اے ،آئی جی اسلام آباد ،چیئرمین سی ڈی اے ،ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے ۔