لاہور: (سچ نیوز ) مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی طیارے کا روٹ بتا رہا ہے کہ وہ پاکستان میں لیںڈ ہوا، عمان کی حکومت نے آدھی تصدیق کر دی ہے۔
ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت جائز نہیں بلکہ جعلی مینڈیٹ کی پیداوار ہے، حکومت کی کارکردگی کی وجہ سے پورا ملک متاثر ہو رہا ہے، یہ خود ٹھگ ہیں اور ٹھگی کر کے اقتدار میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
ملاقات بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست میں رہنماؤں کی آپس میں گپ شپ ہوتی رہتی ہے، نواز شریف سے ملاقات میں تمام معاملات پر گفتگو ہوئی، اس بات پر اتفاق ہوا کہ موجودہ حالات میں اے پی سی ناگزیر ہے، تاہم نواز شریف نے کہا کہ وہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اے پی سی میں شرکت کا جواب دیں گے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے جو یہودی لابی کی باتیں کیں، وہ سچی ہو رہی ہیں، پاکستان اسرائیلی طیارہ اتر چکا ہے، عمان کی حکومت نے آدھی تصدیق کر دی ہے، طیارے کا روٹ بتا رہا ہے کہ وہ پاکستان آیا، ہم سول ایوی ایشن کی تردید کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا مقصد یہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان اسے تسلیم کرے۔