واشنگٹن( سچ نیوز )سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے جوبائیڈن کو الیکشن جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن اور کاملہ ہیرس کو تاریخی لمحات مبارک ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا بولا اور جمہوریت کی فتح ہوگئی۔
سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا ہے کہ جوبائیڈن اور کاملہ ہیرس کو تاریخی لمحات بہت مبارک ہوں، اب ہمارے پاس منتخب صدر اور منتخب نائب صدر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب یہ ہمارے لیے کام کریں گے اور ہم سب کو متحد کریں گے، امریکا بولا اور جمہوریت کی فتح ہوگئی۔
دوسری جانب سابق صدر باراک اوباما نے کہا کہ جوبائیڈن نئے صدر بن رہے ہیں، اب یہ نہ صرف جوبائیڈن اورکاملہ ہیرس بلکہ ہم سب کا فرض ہے کہ اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن نتائج سے سامنے آیاہے کہ ملک اب بھی بری طرح منقسم ہے۔
امریکا کی نومنتخب نائب صدر کاملہ ہیر نے نومنتخب صدر جوبائیڈن کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی ہے اور کہا کہ ہم نے الیکشن جیت لیاہے اورآپ امریکا کے اگلے صدر بننے جا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ جوبائیڈن امریکا کے نئے صدر منتخب ہوئے ہیں، جوبائیڈن نے انتخابات میں 273الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214ہے۔