باتیں شیئر نہ کی جائیں تو غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے، پرویز الہیٰ

لاہور: (سچ نیوز)   اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ طارق بشیر چیمہ کو گلہ ہے کہ ان کے حلقے میں مداخلت ہوئی، یہ ایک حلقے کی شکایت نہیں۔

پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ہم عمران خان کے ساتھ ہیں، جب آپ کسی پارٹی کے ساتھ چلتے ہیں تو ایک دوسرے تک بات پہنچانی پڑتی ہے، تحفظات آتے رہتے ہیں، دور بھی ہوتے رہتے ہیں، اپنے ساتھیوں سے گھر بیٹھ کر بھی بات نہیں کرینگےتو کام کیسے چلے گا۔ حلقوں میں ووٹ مانگنے جاتے ہیں تو ووٹر بھی شکوے کرتے ہیں، ووٹر گلہ نہیں کرے گا تو اس کا مسئلہ کیسے حل ہو گا۔

مسلم لیگ ق کے رہنماء کا کہنا تھا کہ باتیں شیئر نہ کی جائیں تو غصہ خفیہ بیلٹ کے ذریعے نکلتا ہے، سرور صاحب کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں، چودھری سرور کو عمران خان نے تعینات کیا ہے۔ پی ٹی آئی کیساتھ اتحاد ہے، جو گلہ ہوتا ہے وہ بیٹھ کرحل کر لیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری سرور کو کنٹرول کریں، انہوں نے وزیر اعلی کو نہیں چلنے دینا، وزیر اعظم کی کاوشوں سے جلد قرض سے نجات پالیں گے۔

مسلم لیگ ق کے رہنماء طارق بشیر چیمہ کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چودھری سرور کی مداخلت پر اپنی قیادت کوشکایت لگائی، ہمیں صرف اپنے حلقے میں مداخلت سے اعتراض ہے، ہم ناراض ہیں نہ ہونے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت پوچھے گی تو بتا دوں گا کہ کیا مداخلت ہے، جہانگیر ترین صاحب سینیٹ الیکشن سے متعلق تشریف لائیں تھے۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کا مسئلہ ہے اسے میں نے ریز کیا ہے، میں نے کیا ایسی بات کر دی جس سے طوفان کھڑا کیا جا رہا ہے۔

معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کو شریف وزیر اعلیٰ ہضم نہیں ہو رہا، پارٹی کے اندر ایک فیصد بھی وزیر اعلیٰ سے متعلق کوئی اختلاف نہیں، اگر ایسے ہی کلپس نکالنے لگے تو کوئی بھی نہ بچے، سیاق وسباق سے ہٹ کر مطلب کی باتیں چلائی گئی۔

Exit mobile version