لندن(سچ نیوز) برطانیہ کے علاقے سیلسبری میں قائم عسکری سازوسامان تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق دھماکے کے بعد فیکٹری کی عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر امدادی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو طلب کرلیا گیا۔ اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا، اور اب مقامی آبادی کو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سخت خوف کی فضا پھیل گئی تھی جبکہ علاقہ مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ فیکٹری کے مالک چرمنگ گروپ کے بزنس ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد متاثرہ جگہ کو فوری طور پر خالی کروا کر صورتحال معمول پر لائی گئی، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔