ممبئی(سچ نیوز ) عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی صاحبزادی کو بھی برقعہ پہننے پر منافرت کا نشانہ بنادیا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق خدیجہ رحمان گلوکاری بھی کرتی ہیں اور حال ہی میں ان کا ایک گانا بھی ریلیز ہوا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا ہے کہ کس طرح وہ کچھ مخصوص ذہنیت کے لوگوں کی طرف سے برقعہ پہننے پر تضحیک کا نشانہ بن چکی ہیں۔
خدیجہ رحمان کا کہنا تھا کہ ’’میرے ساتھ یہ سلوک مسلسل ہوتا آ رہا ہے اور شاید مستقبل میں بھی ہوتا رہے گا۔ میں شروع میں اس پر بہت پریشان ہوتی تھی لیکن اب مجھے ایسے لوگوں کی باتیں بری نہیں لگتیں۔ میں برقعہ پہنتی ہوں، یہ میرا انتخاب ہے اور مجھے اس پر فخر ہے۔ جو لوگ میرے برقعے کی وجہ سے میرا تمسخر اڑاتے ہیں، انہیں اپنی ذہنیت تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘