بیجنگ ( سچ نیوز ) چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر بھارتی فوجیوں کی فائرنگ کو سنگین فوجی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بھارت اپنے فرنٹ لائن فوجیوں کو قابو کرے، لائن آف ایکچوئل کنٹرول پار کرنے والے فوجیوں کو فوری واپس بلائے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ لداخ میں بھارتی فوج نے پیر 7 ستمبر کو ایک بار پھر لائن آف ایکچوئل کنٹرول غیر قانونی طور پر عبور کی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی فوجی پینگ یانگ جھیل تک آئے اور چینی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق چینی فوج نے صورتحال کو قابو میں کرنے کے لیے جوابی کارروائی کی ہے۔چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ بھارتی طرز عمل معاہدوں کی خلاف ورزی اور سنگین فوجی اشتعال انگیزی ہے۔انھوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول عبور کرنے والے اپنے اہلکاروں کو فوری واپس بلائے۔