دنیا میں طویل ترین عرصے تک ملک کے وزیر اعظم رہنے والوں میں سے ایک بحرین کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 84 سال کی عمر میں انتقال کر گئے
منامہ(سچ نیوز) اے پی کے مطابق شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 1970 سے ملک کے وزیر اعظم تھے ۔1971میں برطانیہ سے آزادی کے بعد بحرین نے صرف تیل پر انحصار کرنے کی بجائے دوسرے شعبوں پر بھی توجہ دی اور تیزی سے ترقی کی منازل طے کیں۔بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی نے شہزادہ خلیفہ کے انتقال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کے میو کلینک میں زیر علاج تھے ، تاہم ان کی بیماری اور علاج سے متعلق مزید وضاحت نہیں کی گئی۔ایوان شاہی کے اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم کی میت وطن وا پس لائی جائے گی جس کے بعدنما ز جنازہ کی ادا ئیگی اور تجہیز و تکفین ہو گی تاہم یہ رسم محض قریبی رشتہ داروں تک محدود ہوگی۔بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ملک بھر میں ایک ہفتہ سوگ کا اعلان کیا ہے اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہیگا ،آج سے تمام سرکاری محکموں میں 3 دن کی چھٹی ہوگی۔یاد رہے شہزادہ خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ 24 نومبر 1935 کو پیدا ہوئے ۔بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ کوملک کا نیا وزیراعظم نامزدکردیا۔ دریں اثنا وزیر اعظم بننے سے قبل وہ سٹیٹ کونسل اور سپریم ڈ یفنس کونسل کے بھی سربراہ رہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے بحرین کے وزیراعظم کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ عظیم بصیرت رکھنے والے رہنما اور پاکستان کے قریبی دوست تھے ،رب ذولجلال ان کی روح کو ابدی سکون نصیب فرمائے ، آمین۔