دوسرا مرحلہ 18اکتوبر سے ہو گا ، یومیہ 15ہزار تک افراد کو اجازت ہو گی
مکہ مکرمہ(سچ نیوز)سات ماہ کے تعطل کے بعد عمرے کی محدود اجازت دے دی گئی ہے ۔ کئی ماہ کی پابندی کے بعد اتوار چار اکتوبر کو ہزاروں زائرین مسجد الحرام میں داخل ہوئے اور گروپوں کی شکل میں ماسک پہن کر اور سماجی فا صلہ رکھتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق عمرے کے دوران کسی بھی وبائی انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں ۔سعودی وزیر حج کا کہنا تھا کہ عمرہ کرنے والے ہر گروپ کے ساتھ بیس سے پچیس افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی وہاں موجود ہو گا تا کہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔ عمرے کا دوسرا مرحلہ 18 اکتوبر سے شروع ہو گا اور اس مرحلے میں یومیہ 15 ہزار تک افراد کو عمرے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح یہ تعداد مجموعی طور پر 40 ہزار تک بڑھائی جائے گی ۔ غیر ملکیوں کو عمرے کی اجازت یکم نومبر سے دی جائے گی اور تب یومیہ عمرہ کرنے والوں کی تعداد بڑھا کر 20 سے بتدریج 60ہزار تک کر دی جائے گی۔