فرانسیسی دباﺅ کام کر گیا ، مصطفیٰ ادیب لبنان کے نئے وزیر اعظم منتخب

فرانسیسی دباﺅ کام کر گیا ، مصطفیٰ ادیب لبنان کے نئے وزیر اعظم منتخب

بیروت( سچ نیوز )لبنان کے رہنماﺅں نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے دباﺅ پر سفارت کار مصطفی ادیب کو ملک کا نیا وزیر اعظم منتخب کر لیا،فرانسیسی صدر جلد ہی بیروت کا دورہ کریں گے اور ملک کومعاشی بحران سے نکالنے کے لیے اصلاحات سے آگاہ کریں گے۔

قانون اور سیاسیات میں ڈاکٹریٹ کرنے والے لبنان کے نومنتخب وزیراعظم مصطفی ادیب اس سے قبل جرمنی میں لبنان کے سفیر رہ چکے ہیں اور صدر مائیکل عون کی میزبانی میں ہونے والی مشاورت میں لبنان کی تمام مرکزی جماعتوں نے ان کی حمایت کی۔سینئر عہدیداروں کا کہنا تھا کہ مصطفی ادیب پر اتفاق رائے کے لیے فرانسیسی صدر کی ثالثی بہت اہم تھی کیونکہ سیاست دانوں کے درمیان اختلاف رائے تھا۔

رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر ایک مہینے سے بھی کم عرصے میں لبنان کا دوسرا دورہ کریں گے اور سیاست دانوں کو کرپشن کو ختم کرنے کے لیے اقدامات اور معاشی اصلاحات پر زور دیں گے۔مصطفی ادیب کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے ملک کے لیے بہت محدود موقع ہے اور جو مشن میں نے قبول کیا ہے اس پر تمام سیاسی فورسز کا اتفاق ہے۔انہوں نے زور دیا کہ ریکارڈ وقت میں حکومت تشکیل دی جائے اور فوری طور پر اصلاحات اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)سے معاہدہ کیا جائے۔

لبنان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جولائی کے اوائل میں شروع ہوئے تھے۔مصطفی ادیب نے باصلاحیت ٹیم کے انتخاب کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ ‘مذاکرات اور وعدوں کا وقت نہیں ہے بلکہ سب کے تعاون سے کام کرنے کا وقت ہے۔

Exit mobile version