لندن ( سچ نیوز )فرانسیسی پولیس کے مطابق فرانس کے شہر نیس میں چاقو کے ذریعے ہونے والے ایک حملے میں اب تک کم از کم تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
نیس کے میئر کرسٹین ایسٹروسی نے واقعے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے الزام میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس حملے میں ایک شخص کے مضروب ہونے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی ایک خاتون کا سر قلم کیا گیا جبکہ میئر نے اسے ’اسلامو فاشزم‘ قرار دیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کے ادارے نے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔کرسٹین کے مطابق اس حملے کے تمام تر شواہد دہشت گردانہ حملے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔نیس کے میئر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا ہے کہ جب جائے وقوعہ سے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تو وہ لگاتار اونچی آواز میں ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں چرچ کا ایک نگران بھی شامل ہے۔