لاہور(سچ نیوز)پاکستان تحریک انصاف پنجاب میں حکومت سازی کی تیاریاں کر رہی ہے اور متوقع وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام پر مشاورت جاری ہے تاہم اب خبر آئی ہے کہ پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا نام فائنل کرنے سے پہلے ہی گورنر پنجاب کے لئے اعجاز احمد چوہدری کے نام پر غور شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے عمران خان نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وفاق ،خیبر پختونخوا اور پنجاب میں حالیہ الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبوں اور وفاق میں حکومت سازی کے لئے پارٹی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ،پنجاب اسمبلی کے 5 آزاد ارکان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد تحریک انصاف کی پوزیشن مزید بہتر ہو چکی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے عبد العلیم خان ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں تاہم پاکستان تحریک انصاف کے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں صرف وزیر اعلیٰ پنجاب ہی نہیں گورنر کے نام پر بھی مشاورت جاری ہے جبکہ پارٹی کے اکثر راہنماؤں نے تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر اور تنظیم سازی میں شہرت رکھنے والے اعجاز احمد چوہدری کو گورنر پنجاب کے لئے انتہائی موزوں قرار دیا ہے اور اس نام پر پارٹی چیئرمین عمران خان نے بھی اتفاق کیا ہے تاہم حتمی فیصلے سے قبل عمران خان نے تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی ہے ۔واضح رہے کہ اعجاز احمد چوہدری تحریک انصاف پنجاب کے صدر رہ چکے ہیں اور پورے پنجاب میں انہوں نے پارٹی کی تنظیم سازی کے لئے اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ تحریک انصاف میں بھی ان کے بارے میں مثبت رائے پائی جاتی ہے۔حالیہ الیکشن 2018 میں اعجاز چوہدری نے این 133 سے الیکشن میں حصہ لیا اور بھرپور انتخابی مہم چلائی تاہم وہ مسلم لیگ ن کے اہم رہنما پرویز ملک سے چند ہزار ووٹوں سے شکست کھا گئے تھے ۔