پشاور (سچ نیوز)پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملے میں شہید ہونیوالے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور کے بیٹے دانیال بلور اس حملے میں مکمل محفوظ ہیں ،اس سے پہلے خبر آئی تھی کہ خود کش حملے میں دانیال بلور بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے ۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیونیوز‘‘ کے مطابق دانیال بلور بھی اپنے والد کے ساتھ کارنر میٹنگ میں شریک تھے تاہم خود کش حملے سے چند لمحے قبل وہ کارنر میٹنگ سے باہر نکل گئے تھے جس کی وجہ سے وہ حملے میں زخمی ہونے سے محفوظ رہے ۔پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی کارنر میٹنگ میں ہونے والے خود کش حملے میں ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید جبکہ 47 زخمی ہوگئے تھے ۔واضح رہے کہ اس سے قبل ایک اور نجی چینل نے خبر دی تھی کہ اس افسوسناک واقعہ میں ہارون بلور کی شہادت کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے دانیال بلور بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جن کو ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ذرائع کے مطابق ہسپتال میں ایک لڑکا شدید زخمی حالت میں موجود ہے لیکن اس بات کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کہ یہ زخمی لڑکا دانیال بلور ہی ہے جو ہارون بلور شہید کا بیٹا اور بشیر بلور شہید کا پوتا ہے ۔