واشنگٹن: (سچ نیوز) مفاد پرست افراد کو اہم عہدے دینے سے مسائل پیدا ہونگے :ایگزیکٹو باڈی، عمران کے علاوہ کسی کے حکم پر کام نہیں ہوگا:رہنماؤں کی اجلاس میں گفتگو
پاکستان تحریک انصاف امریکہ کی ایگزیکٹو باڈی کے واشنگٹن ڈی سی میں ہونیوالے اجلاس میں بعض سینئررہنماؤں نے پی ٹی آئی کے کچھ اہم فیصلوں پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور پی ٹی آئی حکومت کے اہم فیصلوں اور ابتدائی کارکردگی پر برس پڑے ۔ واشنگٹن ڈی سی میں امریکہ چیپٹر کی ایگزیکٹو باڈی کا اہم اجلاس ہوا جسمیں پی ٹی آئی امریکہ کے چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی ،پی ٹی آئی ورجینیاواشنگٹن چیپٹر کے صدر عمران بٹ ،ایگزیکٹو چیئرمین چاند اقبال ڈوڈی،جنرل سیکرٹری ظفر چودھری ، سینئر نائب صدر خالد تنویراور دیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں امریکہ کی 8ریاستوں میں پی ٹی آئی کے مزید چیپٹر بنانے کی منظوری دی گئی۔ بعض شرکا نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں موجود کچھ وزرا اور عہدیدار ایسے بیانات دیتے ہیں جس سے بیرون ملک پاکستان کا امیج خراب ہوتا ہے ۔ کچھ مفادپرست افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کرنے سے مسائل پیدا ہوں گے ، عمران خان کے علاوہ کسی عہدیدار کے حکم پر کام نہیں ہوگا۔عمران خان ڈیم کے فنڈز اکٹھے کرنے سے متعلق کوئی پالیسی بھی واضح کریں ۔ ملک امتیاز نے کہا عمران خان کو چاہیے کہ وہ پنجاب اور وفاق میں ایسے افراد کو تعینات کریں جن سے ملک کا امیج بہتر ہو ۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر ملک امتیاز علی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو مکمل اعتمادمیں لیکر دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔