اسلام آباد (سچ نیوز )وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز صحافیوں سے ملاقات کی تو اس کے حوالے سے اینکر پرسن مبشر لقمان نے خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ صحافیوں سے ملاقات کے دوران فرانسیسی صدر کی وزیراعظم عمران خان کو کال آئی لیکن انہوں نے یہ کہہ کر فون سننے سے انکار کردیا کہ ابھی مصروف ہوں ،تھوڑ ی دیر بعد کال کروں گا ۔اس حوالے سے سوشل میڈ یا پر بھی خوب بحث ہوئی ،کچھ لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کے اس اقدام کی تعریف کی تاہم بعض افراد نے اسے سفارتی آداب کے خلاف قرار دیا۔تاہم اینکرپرسن کی یہ خبر جھوٹی نکلی ۔نجی نیوز چینل کیپٹل نیوز کے مطابق گزشتہ روز فرانسیسی صدر کی وزیراعظم عمران خان کو کال نہیں آئی تھی بلکہ فرانسیسی سفارتخانے نے دفتر خارجہ کو کال کی تھی۔فرانسیسی سفارتخانے نے یہ طے کرنے کے لیے رابطہ کیا کہ فرانسیسی صدر وزیراعظم عمران خان کو کب ٹیلی فون کریں ؟۔اس حوالے سے سینئر صحافی عمر چیمہ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ جس انداز میں خارجہ محاذ پر غیر ذمہ دارانہ حرکتیں جاری ہیں ،اللہ ہی رحم کرے ،پہلے یہ بات پھیلائی گئی کہ خان نے فرانسیسی صدر کی کال لینے سے انکار کردیا اب پتہ چلا ابھی تو کال کے لیے وقت طے ہو رہا ہے ۔