اسلام آباد (سچ نیوز)نگران وزیر قانون علی ظفر نے کہاہے کہ 14اگست تک نئی حکومتیں بن جائیں گی، کوشش ہوگی کے مرکز اور صوبوں میں حکومتیں ایک ہی ساتھ حلف اٹھائیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے کہاہے کہ کوشش ہوگی کہ مرکز اور صوبوں میں حکومتو ں ایک ہی وقت میں حلف اٹھائیں اور 14اگست تک نئی حکومتیں بن جائیں گی ۔ جمہوریت میں یہ ہوتا ہے کہ جب نئی حکومت آجائے تو گورنرز خود ہی مستعفی ہو جاتے ہیں اور یہ ایک اصول ہے قانون نہیں ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ چاروں صوبوں کے گورنر ایسے ہی کریں اور جب وہ یہ کریں گے تونئے وزیر اعظم صدر سے کہیں گے کہ وہ نئے گورنرز کا تقرر کردیں ۔ اگر کوئی گورنر مستعفی نہیں ہوتا تو پھر اسے ہٹایا بھی جا سکتا ہے ۔ صدر کی مدت معیاد 8ستمبر کو پوری ہو رہی ہے اگر وہ چاہیں تو مستعفی ہو سکتے ہیں اور اگر وہ مستعفی نہ ہونا چاہیں تو کوئی ان کوہٹا نہیں سکتا بلکہ ان کے عہدے کی معیاد پور ی ہونے کا انتظار کیا جائے گا ۔ عمران خان کی کھلے عام تقریب حلف برداری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا انحصار سکیورٹی صورتحال پر ہے ۔ اس لئے ہوسکتا ہے کہ یہ ممکن نہ ہو سکے لیکن اگر درخواست کی گئی تو پھر یہ کرنا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ 6اگست تک کامیاب ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گااور آزاد امیدواروں کو9اگست تک کسی نہ کسی جماعت میں شامل ہونا پڑے گا ۔10اگست تک خواتین اور اقلیتوں کے نشستیں مخصوص کی جائیں گی۔