اسلام آباد (سچ نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ احتساب سمیت کچھ معاملات پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بیرون ملک پڑے پیسے واپس لانے کیلئے تیزی سے کا ہورہاہے اور حکومت اس میں کامیاب ہوگی ، عمران خان ، نوازشریف اورزرداری کے چندے کی اپیل میں فرق ہے ۔
سماءنیوز کے پروگرام ”کھر ا سچ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور بیرون ملک پڑے اثاثوں کے حوالے سے حکومت نے ایک یونٹ بنایا ہے جو کام کررہاہے اور اس حوالے سے ہم بڑی تیز ی سے آگے بڑھ رہے ہیں،اس میں حکومت کو کامیابی ملے گی۔حکومت سی پیک کی ترقی کے لئے کام کررہی ہے ۔ یہ منصوبہ چلتارہے گا ۔اس میں 40ارب ڈالر کے منصوبے شامل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت احتساب سمیت کچھ معاملات پر سمجھوتہ نہیں کر سکتی اور تحریک انصاف کے کسی وزیر پر کوئی ریفرنس نہیں ہے ۔اووسیز پاکستانی ہمارے اصل وی آئی پیز ہیں اور ان کے لئے حکومت بہت سے اقدامات کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ، نوازشریف اور زردار ی کے چندے کی اپیل میں فرق ہے ۔






