کراچی(سچ نیوز ) سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ احتساب کے عمل کا دائرہ کار اب تیزی سے وسیع ہورہا ہے، آنے والے دنوں میں ان سیاسی قائدین کے بھی چیخیں نکلیں گی جو آج تالیاں بجا رہے ہیں ، ہم نے اپنے منشور میں عدل، تعلیم اور امن و امان کو فوکس کیا ہے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے انقلابی ور معاشی سوچ کے ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ 2018کے بہت عجیب و غریب الیکشن ہیں ان کا رزلٹ بھی عجیب و غریب ہوگا، عوام میں اب بہت شعور آگیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، پاکستان میں تبدیلیاں آرہی ہیں اب ہم ایک قوم بن رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان مخالف لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آرہی ہے، انہوں نے کہا کہ میں حلقہ این اے 253 سے الیکشن لڑ رہا ہوں، انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں عدل،تعلیم اور امن و امان کو فوکس کیا ہے۔