ممبئی(سچ نیوز) بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے اپنی شادی کے لیے جیولری اور رنویر کو تحفے میں دینے کے لیے سونے کی چین خرید لی جس کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ اور رنویر سنگھ کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا، دونوں اداکاروں کے اہل خانہ نے شادی کی تقریبات کا آغاز پوجا سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت چار روز قبل بنگلور میں موجود دپیکا کے گھر پرمذہبی رسم کا انعقاد کیا گیا۔مذہبی رسم کی تصاویر اداکارہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس میں رنویر یا ان کے اہل خانہ نظر نہیں آئے البتہ دپیکا کی ٹیم اور ان کے اہل خانہ موجود تھے، اس موقع پر باجی رائو مستانی نے نارانجی رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔دپیکا نے جو لباس زیب تن کیا اسے سبیاسچی نے خصوصی طور پر تیار کیا جبکہ شادی کی تقریب کے لیے بھی اداکارہ نے ان کے ہی تیار کردہ لباس پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔پوجا کی رسم میں دپیکا نے بالوں میں جوڑا باندھا ہوا تھا جبکہ ان کے کانوں میں جھمکے بھی تھے۔ بالی ووڈ ذرائع کے مطابق اداکارہ نے معروف میک اپ آرٹسٹ کی خدمات حاصل کی تھیں۔مذہبی رسم کے بعد دونوں خاندان 2 نومبر کو اٹلی روانہ ہوگئے جہاں ان کی 14 اور 15 نومبر کو علیحدہ علیحدہ روایات کے مطابق شادی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔