ممبئی(سچ نیوز)بھارتی فلم انڈسٹری میں ’می ٹو‘ تحریک زوروں پر ہے۔ ایک کے بعد ایک ادکار اور ہدایتکار پر تہلکہ خیز الزامات سامنے آتے جا رہے ہیں۔ اب معروف اداکار نوازالدین صدیقی کی باری بھی آ گئی ہے۔’می ٹو‘ کی مہم میں تازہ ترین اضافہ ثابت ہونے والی سابق مس انڈیا اور کامیاب اداکارہ نیہاریکا سنگھ کے الزامات کی زد میں کئی دیگر شخصیات کے ساتھ نواز الدین صدیقی بھی آ گئے ہیں۔ نیہا ریکا نے اپنے انکشافات کا آغاز ’ٹی سیریز‘ کے سربراہ بھوشن کمار کے ذکر سے کیا ہے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’بھوشن کمار نے ایک نئی فلم کے معاہدے کیلئے مجھے اپنے دفتر بلایا۔ بعد میں اس نے رات کے وقت مجھے ایک ٹیکسٹ میسج بھیجا جس میں لکھا تھا ’ تمہیں مزید جاننا اچھا لگے گا۔ آؤ کہیں مل کر باہر نکلتے ہیں۔‘ میں نے جواب میں لکھا ’یقیناً، چلو ڈبل ڈیٹ پر چلتے ہیں۔ تم اپنی اہلیہ کو لے آنا اور میں اپنے بوائے فرینڈ کو لے آؤں گی۔ ‘ میرے اس جواب کے بعد اس نے بھی مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔ ‘‘ اس کے بعد نیہا ریکا نے اپنے ساتھی اداکار اور سابق دوست نوازالدین صدیقی کے پول کھولنا شروع کئے۔ وہ لکھتی ہیں کہ ’’ ایک رات میں اپنے گھر پر تھی اور نواز رات بھر شوٹنگ کر رہا تھا۔ اس نے مجھے ایک ٹیکسٹ بھیجا جس میں کہا کہ وہ میرے گھر کے قریب ہے۔ میں نے اسے دعوت دی کہ وہ میرے گھر پر آکر میرے ساتھ ناشتہ کرے۔ جب میں نے دروازہ کھولا تو اس نے اندر داخل ہوتے ہی مجھے دبوچ لیا۔ میں نے اس کے گرفت سے آزاد ہونے کی کوشش کی لیکن وہ مجھے چھوڑ نہیں رہا تھا۔ کچھ تگ و دو کے بعد میں نے ہتھیار ڈال دیئے ۔ مجھے سمجھ نہیں آرہی تھی کہ میں اس کے ساتھ اپنے تعلق کا کیا کروں۔ وہ کہتا تھا کہ اس کا خواب ہے کہ مس انڈیا اس کی اہلیہ بنے۔ مجھے اس کی یہ بات مضحکہ خیز لگی۔ اس کے کئی خواتین کے ساتھ تعلقات تھے جن میں سے ہر ایک کو اس نے ایک مختلف کہانی سنائی ہوئی تھی۔ ان میں سے ایک نے مجھے کال بھی کی اور فون پر ہی میرے ساتھ بدتمیزی شروع کردی تھی۔‘‘