کابل(سچ نیوز) افغان حکومت نے امریکہ سے ٹرمپ کے دس روز میں جنگ جیتنے کے بیان پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ افغان عوام کبھی اس کی اجازت نہیں دیں گے کہ کوئی غیر ملکی طاقت ان کی قسمت کا فیصلہ کرے ۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے دس روز میں افغان جنگ جیتنے سے متعلق ان کے ایک حالیہ بیان کی وضاحت طلب کر لی ہے۔ کابل میں صدارتی محل کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ افغان عوام نے نہ یہ کبھی چاہا ہے اور نہ ہی وہ کبھی اس بات کی اجازت دیں گے کہ کسی غیر ملکی طاقت کی جانب سے ان کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دس دن میں افغان جنگ جیت سکتے ہیں لیکن وہ دس ملین افراد کی ہلاکت نہیں چاہتے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ افغانستان میں جنگ لڑنے کے بجائے پولیس کا کردار اداکرنا پڑ رہاہے ۔