اسلام آباد (سچ نیوز)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عام انتخابات پر تمام تر تحفظات کے باوجود پاکستان کے لئے آپس میں نہیں لڑیں گے کیونکہ اس طرح ان دشمنوں کو موقع ملے گا جن کو پاکستان ایک آنکھ نہیں بھاتا ۔
دنیا نیو ز کے پروگرام ”جرگہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ فافن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 35حلقوں میں جو ووٹ کاسٹ کئے گئے وہاں مسترد شدہ ووٹوں کی تعداد جیت کے مارجن سے زیادہ ہے۔ 35گھنٹے بعد بھی یہ بات واضح نہیں ہوئی تھی کہ نتائج کیا آرہے ہیں۔ پاکستان قوم کی امانت ہے ۔ اگر قوم کی امانت کے ساتھ کھلواڑ ہوا ہے تو ہمارا فرض ہے کہ احتجاج ریکارڈ کروائیں۔ ہم اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروائیں گے اور پاکستانیت کے تقاضے کو سامنے رکھتے ہوئے اس ملک کو آگے بھی لیکر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اور اسفندیار ولی کے اپنے پیرو کار ہیں۔ آج بلوچستان میں نوجوان پاکستان کا جھنڈا اٹھا کر پھرتے ہیں، کراچی میں امن لوٹا ہے ۔ ہم نے سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے ۔ سیاست میں کوئی جیتتا ہے، کوئی ہارتا ہے۔ ہمارے اس پر تحفظات ہیں ۔ ہم پارلیمنٹ کے اندر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے لیکن جمہوریت کوبھی آگے لیکر چلیں گے ۔پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 2013میں نوازشریف کو کہنے والوں نے کہا تھا کہ کے پی کے میں حکومت بنائیں لیکن نوازشریف نہیں مانے تھے ۔انہوں نے کہا کہ اب جمہوری عمل کو صاف ستھرا ہونا چاہئے ۔ ہمیں حکومت بنانے کا شوق نہیں ہے لیکن ہماری پارٹی جمہور ی پارٹی ہے اور ہمیں عددی اکثریت حاصل ہے ۔ اگر ہمیں پنجاب میں حکومت بنانے نہ دی گئی تو ہم اس کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانیت کے تقاضے کچھ اور ہیں ۔ اگر ہم لڑ پڑیں تو پھر ہمارے دشمنوں کو موقع ملے گا جن کو ایٹمی پاکستان ایک آنکھ نہیں بھاتا لیکن ہم الیکشن کمیشن کے کرتوت بے نقاب کریں گے ۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کو انصاف کرنا چاہئے تھا ۔ اس معاملے کو ہم پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں گے اور قوم کو بھی آگاہ کریں گے تاکہ آئندہ الیکشن شفاف ہو۔