اسلام آباد(سچ نیوز) الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات کے متوقع امیدواروں کو27اگست تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی ۔نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صدارتی انتخابات 2018کے متوقع امیدواروں کو یاددہانی کرائی جاتی ہے کہ وہ صدر کے انتخابات کے حوالے سے کاغذات نامزدگی 27اگست دن 12بجے تک کسی بھی پریذائیڈنگ افسر کے پاس جمع کروا سکتے ہیں ،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال29اگست کو صبح 10بجے شروع ہوگی،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال چیف الیکشن کمشنر/ریٹرنگ افسر الیکشن کمیشن آف پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں کریں گے ۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں کے تائید اور تجویز کنندگان اپنے ہمراہ سینیٹ یا متعلقہ اسمبلی کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ ضرور لائیں ۔واضح رہے کہ صدارت انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف نے ڈاکٹر عارف علوی کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر اعتزاز احسن کا نام صدر مملکت کے لئے سامنے لائی ہے تاہم مسلم لیگ ن نے اعتزاز احسن کے نام پر اعتراض کر دیا ہے دوسری طرف آج(ہفتہ کو ) مری میں مسلم لیگ ن نے اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بھی طلب کر رکھی ہے جس میں متفقہ صدارتی امیدوار کے حوالے سے غور کیا جائے گا ۔