کولمبس (سچ نیوز) امریکی ریاست اوہائیو میں ایک خاتون جج کو اپنے بھائی کی نوکری بچانے کیلئے عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں عدالت سے گھسیٹ کر جیل بھیج دیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق خاتون جج ٹریسی ہنٹر پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے بھائی کی نوکری بچانے کیلئے جج کی کرسی کا غلط فائدہ اٹھایا تھا۔ پیر کے روز جج پیٹرک ڈنکلیکر کی جانب سے ٹریسی ہنٹر کواختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہونے پر 6 ماہ قید کی سزا سنادی گئی۔ جج کی جانب سے جیسے ہی سزا کا اعلان کیا گیا تو ایک خاتون نے حملہ کردیا اور ملزمہ جج کے حق میں نعرے بازی کرنے لگی۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے ٹریسی ہنٹر کو گھیر لیا اور ایک خاتون جج انہیں گھسیٹ کر عدالت سے باہر لے گئی۔خیال رہے کہ خاتون جج پر اپنے عہدے کا الزام 2014 میں لگا تھا ، شہر کے میئر کی جانب سے ان کے حق میں خط لکھے جانے کے باوجود انہیں سزا سنائی گئی ہے جس پر اوہائیو میں ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔ لوگوں کی جانب سے جج ٹریسی ہنٹر کے حق میں مظاہرے کیے جارہے ہیں۔ٹریسی ہنٹر کے وکیل ڈیوڈ سنگ لیٹن کا کہنا ہے کہ ان کی موکلہ کو غلط سزا دی گئی ہے، انہوں نے سزا سنانے والے جج سے درخواست کی تھی کہ وہ کیس میں بریت کی درخواست دائر کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی درخواست سے پہلے ہی جج نے سابق جج کو 6 ماہ قید کی سزا سنادی۔وکیل کا کہنا تھا کہ ٹریسی نے اپنا سب کچھ گنوادیا، اس نے بطور جج اپنی نوکری کھودی، اپنا قانون کا لائسنس منسوخ کرالیا جو کہ اس کا آمدنی کا ذریعہ تھا، اور سب سے بڑھ کر اس نے اپنا ذہنی سکون ختم کرلیا۔