واشنگٹن (سچ نیوز) امریکہ میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی اور سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کو برتری حاصل ہے۔ حالیہ وسط مدتی انتخابات میں امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 2 مسلمان خواتین بھی منتخب ہوئی ہیں۔صومالیہ سے تعلق رکھنے والی پناہ گزین پس منظر کی حامل الہان عمر ریاست منیسوٹا سے کامیاب ہوئی ہیں جبکہ فلسطین کے تارک وطن والدین کے ہاں پیدا ہونے والی سماجی کارکن رشیدہ طالب ڈیٹرائٹ سے منتخب ہوئی ہیں۔ دونوں نو منتخب خواتین ارکان کا تعلق اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ الہان عمر اور رشیدہ طالب کے انتخاب کے بعد امریکی کانگریس میں مسلمان ارکان کی تعداد تین ہوگئی ہے۔دوسری جانب امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز کے مطابق رواں برس مسلمانوں کے خلاف نفرت پر مبنی جرائم میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔