واشنگٹن (سچ نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی تین قراردادیں ویٹو کر دیں۔ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر مئی میں سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کا کہا تھا اور ایران کو مشرق وسطیٰ کے لیے بنیادی خطرہ قرار دیا تھا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ماہ اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایران کی دھمکیوں کے باعث امریکا اپنے دو اتحادیوں کو 8 ارب 10 کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرے گا۔چند روز قبل امریکی کانگریس نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیاروں کی فروخت پر پابندی کی قراردایں منظور کی تھیں۔ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی قراردادوں کی منظوری پر وائٹ ہاو¿س کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر ہم نے اسلحہ فروخت نہ کیا تو تاثر جائے گا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ کھڑا نہیں ہوتا اور خاص کر ایسی صورت حال میں کہ جب انہیں دھمکیاں مل رہی ہوں۔اب اطلاعات ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی تین قراردایں ویٹو کر دی ہیں۔