نئی دلی (سچ نیوز) بھارتی الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی خریداری کیلئے رکھے گئے 7 کروڑ ڈالر (483 کروڑ روپے بھارتی) کے تحائف پکڑ لیے ہیں۔ ضبط کی گئی اشیا میں 150 کروڑ روپے کی کرنسی اور 44 لاکھ لٹر شراب شامل ہے۔بھارت میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی مخصوص قوانین نافذ العمل ہوگئے ہیں جن کے تحت بڑی تعداد میں رقم، سونا اور چاندی لے کر چلنے پر پابندی ہے۔ اس پابندی کا مقصد دنیا کی سب سے بڑی انتخابی مہم کے دوران ووٹوں کی خریداری کو روکنا ہے۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے حکام کا کہنا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد سے اب تک حکام 44 لاکھ لٹر شراب اور 150 کروڑ روپے کیش قبضے میں لے چکے ہیں جبکہ اتنی ہی مالیت کی منشیات بھی پکڑی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں تحائف سے بھرے ہوئے بعض ٹرک بھی پکڑے گئے ہیں جن کی مالیت 12 کروڑ روپے بنتی ہے۔خیال رہے جس طرح پاکستان میں بعض امیدوار پیسوں، موٹرسائیکلوں اور سلائی مشینوں سمیت دیگر اشیا کی تقسیم کے ذریعے ووٹ خریدتے ہیں اسی طرح بھارت کے پسماندہ علاقوں میں شراب کی تقسیم سے ووٹوں کی خریداری کی جاتی ہے۔ بھارت میں اپریل اور مئی کے دوران 7 مرحلوں میں لوک سبھا (قومی اسمبلی) کے انتخابات ہوں گے جن میں 90 کروڑ رائے دہندگان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔






